اِن آتی جاتی رُتوں سے نہیں جڑا ہُوا مَیں
ترے خیال کے آثار میں ہَرا ہُوا مَیں
پہنچ گیا ہوں کسی لاوجود لمحے میں
دوامی ساعتوں کے خواب دیکھتا ہُوا مَیں
کسی کے دستِ تسلی سے اس لیے ہے گریز
کہیں چھلک نہ پڑوں رنج سے بھرا ہُوا مَیں
اب انتظار کے پل ختم ہونے والے ہیں
پلٹنے والا ہوں اپنی طرف گیا ہُوا مَیں
کنارے لگنے ہی والا ہوں تیری یاد سمیت
خود اپنی موجِ تماشا پہ تیرتا ہُوا مَیں
یہ ممکنات کی دنیا ہے، کچھ بھی ممکن ہے
دوبارہ پھوٹ بھی سکتا ہوں جھڑ چکا ہُوا مَیں
کٹا ہوا ہوں کبھی شاہد اپنے آپ سے بھی
کبھی مظاہر ِفطرت سے ہوں جڑا ہوا مَیں