اُردو زبان ۔۔۔ شاعر علی شاعر

چرچا ہر ایک آن ہے اُردو زبان کا
گرویدہ کُل جہان ہے اُردو زبان کا

اِس لشکری زبان کی عظمت نہ پوچھیے
عظمت تو خود نشان ہے اُردو زبان کا

گم نامیوں کی دھوپ میں جلتا نہیں کبھی
جس سر پہ سائبان ہے اُردو زبان کا

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب مکان ہے اُردو زبان کا

سوداؔ و میرؔ و غالبؔ و اقبالؔ دیکھ لو
ہر ایک پاسبان ہے اُردو زبان کا

اُردو زبان میں ہے گُھلی شہد سی مٹھاس
لہجہ بھی مہربان ہے اُردو زبان کا

ترویج دے رہا ہے جو اُردو زبان کو
بے شک وہ باغبان ہے اُردو زبان کا

مہمان کہہ رہا ہے بڑا خوش نصیب ہے
جو شخص میزبان ہے اُردو زبان کا

یہ ارضِ پاک صورتِ کشتی ہے دوستو!
اور اِس میں بادبان ہے اُردو زبان کا

لوگو! ذرا بھی اِس میں پس و پیش کچھ نہیں
اِک معترف جہان ہے اُردو زبان کا

بولی ہے رابطے کی، یہی جوڑتی ہے دل
ہر دل میں ایسا مان ہے اُردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف، سخن  اِس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اُردو زبان کا

وسعت پذیر دامنِ اُردو ہے آج بھی
ہر گوشہ اِک جہان ہے اُردو زبان کا

کرتا ہے آبیاری لہو سے ادیب جو
وہ دل ہے، جسم و جان ہے اُردو زبان کا

آئیں رکاوٹیں جو ترقی میں اِس کی کچھ
سمجھو یہ امتحان ہے اُردو زبان کا

پائے گا جلد منزلِ مقصود بالیقیں
جاری جو کاروان ہے اُردو زبان کا

عزت سخن ورانِ ادب کی اِسی سے ہے
شاعربھی ترجمان ہے اُردو زبان کا

Related posts

Leave a Comment