حمد باری تعالیٰ ۔۔۔ حسن عسکری کاظمی

یہ سچ ہے بلندی پہ ترا عرشِ بریں ہے
ہم نے تو جہاں تجھ کو پکارا تو وہیں ہے

نظارہ عجب حضرتِ آدمؑ کا دکھایا
اک حکم پہ سجدے میں فرشتوں کی جبیں ہے

کل انبیا بھیجے گئے جو تیری طرف سے
اس ایک حوالے سے مقدس یہ زمیں ہے

ممکن نہیں بندوں سے تو برتے کبھی اغماض
تجھ سا کوئی مونس، کوئی غمخوار کہیں ہے؟

اک حرف ہے لا جس سے شناسا کیا تو نے
میں بندہ ہوں تیرا مرے ہونٹوں پہ نہیں ہے

تو ہر جگہ موجود ہے کیا شان ہے تیری
فرمان ہے تیرا کہ تو شہ رگ کے قریں ہے

بخشے گا ہمیں ، ہم تری رحمت کے طلبگار
اے قادرِ مطلق! ترے وعدے پہ یقیں ہے

Related posts

Leave a Comment