یہ رنگ و نور، مکین و مکاں تجھی سے ہیں
عطا کے چشمے ہیں جتنے یہاں تجھی سے ہیں
ہیں تیرے دم سے زمانوں میں رنگ یہ سارے
محبتیں بھی لہو میں رواں تجھی سے ہیں
مری جبیں پہ ہے جتنی چمک سجود سے ہے
عقیدتوں کے یہ سارے نشاں تجھی سے ہیں
ترے وجود سے ہیں سلسلے جہانوں کے
وہ تارے جن سے ہیں روشن زماں تجھی سے ہیں
یہ نیلے گہرے سمندر، یہ جھیل یہ دریا
یہ آ بشار یہ آب ِرواں تجھی سے ہیں