حمد باری تعالیٰ ۔۔۔ سید ریاض حسین زیدی

مصیبت کو جب مشکلوں سے گزارا
فقط کام آیا خُدا کا سہارا

سفینہ جو منجدھار میں ڈولتا تھا
اُسی سے ملا ، عافیت کا کنارا

یقینِ مکمل ہو ، وہ راہ بر ہے
کبھی کارواں پر نہ آئے خسارا

ہوں ایثار پیشہ ، سخاوت رَوِش ہو
خزانہ وہ دے گا جہانوں کا سارا

دلِ مردِ مومن میں وہ جاگزیں ہے
ضمیرِ شرافت ہو قائم خُدارا

کبھی رُخ نہ موڑیں رُخِ مصطفیٰ سے
یہ حُکمِ خدا کا ہے واضح اشارا

نہ غیرِ خُدا سے ہمارا ہو ناتہ
نہیں شرک ہرگز عقیدہ ہمارا

یہ توحید ہی روحِ انسانیت ہے
ریاضِ عمل ہے اسی سے دلآرا

Related posts

Leave a Comment