حمد رب ذوالجلال … سید ضیاء الدین نعیم

 حمد رب ذوالجلال 
…………

تجھ سے ہوجائے اگر وابستگی پروردگار
دور ہو جائے دلوں کی بے کلی پروردگار

جہل کی پھیلی ہوئی ہے تیرگی پروردگار
روشنی…. بار الہا…. روشنی پروردگار !!

ماننے سے قبل تجھ کو سب کا رد مطلوب ہے
ہے یہاں اثبات سے پہلے نفی پروردگار

تیرا ہو جائے تو پالیتا ہے کیا کیا آدمی
خود شناسی، بامرادی، برتری پروردگار

تیری خاطر دوستی ہو تیری خاطر دشمنی
ہر کشا کش سے چھٹے پھر آدمی پروردگار

کیا کروں میں نذر کیا تیرے خزانے میں نہیں
پیش کرنے کو ہے بس اک عاجزی پروردگار

خندہ پیشانی سے پیش آنا بھی نیکی ہے نعیم
چاہتا ہے خلق میں شائستگی پروردگار

Related posts

Leave a Comment