نعتؐ ۔۔۔ محمد انیس انصاری

کُھل جائے گی ہر اک پہ حقیقت حضورؐ کی
محشر میں دیکھیے گا حکومت حضورؐ کی

زندہ ہے ، اور زندہ رہے گا اَبد تلک
جس دل میں بَس گئی ہے محبت حضورؐ کی

ایماں اُسی کا اکمل و کامل ہے صاحبو!
جس دل میں جاگزین ہے اُلفت حضورؐ کی

ہم جی رہے ہیں رحمتِ عالم کی چھاؤں میں
صَد مرحبا! سَروں پہ ہے رحمت حضورؐ کی

ربِّ غفور ! میری تہی دامنی نہ دیکھ
فردِ عمل میں لایا ہوں نسبت حضورؐ کی

جانِ انیس! حضرتِ حسانؓ ہوں جہاں
کیسے بیاں ہو آپ سے مدحت حضورؐ کی

Related posts

Leave a Comment