اُنؐ کے ہی لُطف و کرم سے، رہنمائی سے ہوا
یہ جہاں روشن جمالِ مصطفائی سے ہوا
کُھلتے کُھلتے کُھل گیا مجھ پر درِ خُلدِ بریں
معجزہ یہ آپؐ کی مدحت سرائی سے ہوا
مجھ فقیرِ رہ گُزر کو ہیچ ہیں تخت و کُلاہ
یہ کرم اؐن کا ہے اور اْن کی گدائی سے ہوا
اُنؐ کی رحمت جوش میں آ کر مدد کو آ گئی
کام مجھ سے بے نوا کا بے نوائی سے ہوا
اُن کی رحمت نے سنوارے میرے دُنیا اور دِیں
دوجہانوں میں بَھلا ان کی بھلائی سے ہوا
آپؐ کی بعثت ہوئی اور تیرگی چَھٹنے لگی
دیدہ ور میں بھی جمالِ مصطفائی سے ہوا
نور کے ہالے نبیل آنے لگے میری طرف
لُطفِ بے حد اُنؐ کا مجھ پر خوش ادائی سے ہوا