نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ عقیل رحمانی

چاند ،سورج اور ستارے آپؐ ہی کے فیض سے
سارے روشن استعارے آپؐ ہی کے فیض سے

پُھول ، تتلی ، پیڑ ، پودے ، رونق ِ دنیا سبھی
موسموں کے رنگ سارے آپؐ ہی کے فیض سے

آسمانی سب کتابوں میں تری آمد کی بات
سب صحیفے جو اُتارے آپؐ ہی کے فیض سے

دو جہاں رب نے بنائے آپؐ ہی کے واسطے
سارے منظر پیارے پیارے آپؐ ہی کے فیض سے

تا قیامت دے دیا ہے سب کو زندہ معجزہ
مل گئے قرآں کے پارے آپؐ ہی کے فیض سے

مانگی ہیں جتنی دعائیں آپؐ نے ، لگ جائے گی
ناؤ اُمت کی کنارے آپ ہی کے فیض سے

سارے نورانی نظارے ، معجزے ان کے عقیل
نور و نکہت کے اشارے آپؐ ہی کے فیض سے

Related posts

Leave a Comment