شوکت محمود شوکت ۔۔۔ وفا ، کامل رضا ہے اور کیا ہے؟

وفا ، کامل رضا ہے اور کیا ہے؟
یقیں کی انتہا ہے اور کیا ہے؟

ہماری کامیابی کے سفر میں
کسی کی بس دعا ہے اور کیا ہے؟

مخالف ، اس لیے بھی ہے زمانہ
کوئی اپنا بنا ہے اور کیا ہے؟

جہانِ بحر و بر سے آسماں تک
ہوا ہے یا خلا ہے اور کیا ہے؟

نگاہِ اہلِ دنیا میں زمانہ
بھلا ہے یا برا ہے اور کیا ہے؟

رقیبِ رو سیہ پر مہربانی
یہی تو اک گلہ ہے اور کیا ہے؟

زمیں مقتل کی صورت ہے جو شوکت
فقط ، قحطِ وفا ہے اور کیا ہے؟

Related posts

Leave a Comment