ڈاکٹر مشتاق احمد وانی ۔۔۔ ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی

ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی

258 کتابوں کے مصنف، اردو شعروادب کی ہرصنف پر نہ صرف گہری نظررکھنے والے بلکہ عملی طور پر ان کو برتنے والے شاعر،افسانہ نگار،ناول نگار،دیدہ ور نقاد ،معتبر محقق،مفکر اور میرے معنوی استاد ،خوش مزاج ومیرے ہم خیال محترم مناظر عاشق ہرگانوی صاحب کے انتقال کی خبر نے میری داخلی وخارجی دنیا میں اک زلزلہ سابرپاکردیا!17اپریل2021کادن میرے لیے نہایت افسردگی کادن رہا۔مناظر عاشق ہرگانوی صاحب کے ساتھ میری ادبی رفاقت اور قلمی دوستی کازمانہ کم وبیش33سال کی طویل مدت پہ محیط ہے۔ان کی ایک کتاب”روبرو“جو مشاہیر ادب کے انٹرویوز پہ مشتمل تھی ۔اسی کتاب کے مطالعے نے مجھے مناظر صاحب کے قریب کردیا تھا۔اس زمانے میں ابھی موبائل فون کلچر نہیں آیا تھا۔میں نے ان سے خط وکتابت کاسلسلہ قایم کیا جوتقریبا”2005تک قایم رہا۔اس کے بعد اکثر میری ان سے موبائل فون پہ ملاقات ہوتی رہی۔ابھی ایک ہفتہ پہلے میری ان سے فون پہ ملاقات ہوئی تھی۔انھوں نے اپنی صحت کی ناسازی کے بارے میں مجھ سے کوئی بھی ذکر نہیں کیاتھا۔وہ مجھے بہت عزیز رکھتے تھے۔ان کی درجنوں کتابیں میرے پاس موجود ہیں۔میں اکثر ان سے پوچھتا رہتا تھا کہ آپ اتنا زیادہ کیسے لکھتے ہیں اوروہ بھی ہرصنف پر تو ان کاجواب ہوتا تھا کہ جب انسان میں کسی کام کو کرنے کاشوق ہوتواللہ کی مدد آہی جاتی ہے۔میں نے ان کی علمی وادبی خدمات کو نظر میں رکھتے ہوئے انھیں ”حیران کن ادبی شخصیت“قراردیا تھا۔دنیا کی اردو بستیوں سے شائع ہونے والے اردو کے ہر ایک رسالے میں مناظر عاشق ہرگانوی صاحب کاکوئی مضمون یاغزل شایع ہوتی تھی۔وہ اردو کے علاوہ،انگریزی،ہندی،فارسی اور انگیکا زبان بھی بہتر جانتے تھے۔ ان کی ادبی خدمات پر درجنوں کتابیں شایع ہوئی ہیں۔ اردو دنیاایک بڑے ادیب اور اچھے مخلص انسان سے محروم ہوگئ ہے۔بلاشبہ مناظر عاشق ہرگانوی صاحب اردوادب کاایک جیتاجاگتاانسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے تھے۔ان سے جڑی میری یادیں مجھے بہت دیر تک تڑپاٸیں گی۔اللہ پاک انھیں جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرماے آمین!

Related posts

Leave a Comment