نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ عقیل رحمانی

لے کے آئی صبا مدینے سے
نور کا اک دیا مدینے سے

مہک آئی ہے پھر مدینے کی
کوئی آیا ہے کیا مدینے سے؟

چادرِ گمرہی میں لپٹا ہوا
ہو گیا پارسا مدینے سے

جان آنکھوں میں سب سمٹ آئی
جب ہوئے ہم جُدا مدینے سے

ہو رہی ہے جو نور کی بارش
آئی ہے یہ گھٹا مدینے سے

مل گئے فاطمہؓ ، حسینؓ و حسنؓ
اور مشکل کشا مدینے سے

پہنچی بابِ قبول تک فوراً
جو بھی مانگی دعا مدینے سے

جیسے گل سے نکلتی ہو خوشبو
یوں ہوئے ہم جُدا مدینے سے

پھیلا ہے کربلا تا شام و نجف
نور کا سلسلہ مدینے سے

ڈر نکرین کا عقیل نہیں
اپنا ہے رابطہ مدینے سے

Related posts

Leave a Comment