اکرم جاذب ۔۔۔ فقط اڑائے گا غبار، آپ جائیے

فقط اڑائے گا غبار، آپ جائیے
یہ عشق ہے جنوں شعار، آپ جائیے

ملال سازِ درد کا مجھے تو راس ہے
جو بج اٹھے ہیں دل کے تار، آپ جائیے

تمیزِ نیک و بد ہی بزم میں نہیں رہی
عجب اڑی ہے دھول یار، آپ جائیے

یہ کیا ضرور راحتیں ہی صرف دے سکوں
میں پا شکستہ، دل فگار، آپ جائیے

فرار دو گھڑی کا بھی محال عشق میں
اور ایک دل ہے غم ہزار، آپ جائیے

لڑائیے نہیں یہ دائو پیچ عقل کے
مرے جنوں سے بار بار، آپ جائیے

بھلے دنوں کے دوستو، اداس مت رہو
چمن سے جا چکی بہار، آپ جائیے

Related posts

Leave a Comment