محمود کیفی ۔۔۔۔ دوستی پر جو شاعری ہے دوست! (ماہنامہ بیاض لاہور، اکتوبر 2023 )

دوستی پر جو شاعری ہے دوست!
یہ بھی اِک رنگِ دوستی ہے دوست!

تُو کِسی گاؤں میں پَلا بڑھا ہے
تیرے لہجے میں سادگی ہے دوست!

اپنی تعریف خُود ہی کرتے ہو
یہ تو اِحساسِ کَمتَری ہے دوست!

پِھر مِلیں گے کِسی زَمانے میں
کب مُلاقات آخری ہے دوست؟

اب مُجھے سب دِکھائی دیتا ہے
اب تِری یاد روشنی ہے دوست!

تُجھ کو دیکھا تو جان پایا ہوں
دیکھنے کی الگ خُوشی ہے دوست!

اِس میں ہر غَم سمائے گا کیفی!
دِل کی دُنیا بہت بڑی ہے دوست!

Related posts

Leave a Comment