نقشِ وفا نکھارنے والا ، نہ تُو نہ میں
اپنی انا کو مارنے والا ، نہ تُو نہ میں
دونوں بلا کے چرب زباں ہیں ، یقین کر
زُلف ِ عمل سنوارنے والا ، نہ تُو نہ میں
اوڑھے ہوئے لبادۂ صدق و صفا ، مگر
حق ہُو ، بہ دل پُکارنے والا ، نہ تُو نہ میں
جس کو ترس رہی ہے اداکاریٔ خرد
سچّا وہ رُوپ دھارنے والا ، نہ تُو نہ میں
کٹتی ہے جس جگہ پہ زباں ، لب کشائی پر
شیخی وہاں بگھارنے والا ، نہ تُو نہ میں
خوابوں سے ہمکنار ہو تعبیر کس طرح
بازی جنوں کی ہارنے والا ، نہ تُو نہ میں
جس کو اجل بھی دیکھتی ہے چشم ِ رشک سے
وہ زندگی گزارنے والا ، نہ تُو نہ میں
آرائشِ حیات کی منزل بعید ہے
دل جھونپڑی اُسارنے والا ، نہ تُو نہ میں
شعر و سُخن میں آ نہیں سکتا اثر کبھی
ملّت پہ جان وارنے والا ، نہ تُو نہ میں
فوکس تو ہے نمود و نمائش پہ جانِ من
اخلاص پر اُبھارنے والا ، نہ تُو نہ میں
فیضانؔ ، آسمان بھی ہٹ جائے راہ سے
ایسی اُڈاری مارنے والا ، نہ تُو نہ میں
