آفتاب اقبال شمیم ۔۔۔ المحدود

المحدود
……
درختوں سے پرانے چہچہے رخصت ہوئے
باد آزما پتے فشارِ دم کی قلت سے
بدن میں چڑمڑا کر، خاک پر
خاشاک کی صورت پڑے ہیں
یاد کے اس موسمِ افسوس میں ہر شاخ کا چہرہ
غمِ ہجراں کی پرچھائیں سے سنولایا ہوا ہے
خیر ہو، یہ ہجر و ہجرت نسل بعدِ نسل
جاری ہے
خزاں کی خیر ہوجس کا یہ کیلنڈر
ابھی جینے کی تاریخوں سے خالی ہے
شنید و دید کا مارا ہوا ہوں
کس طرح دیکھوں وہ آوازیں
جو بھیتر میں بپا   ہیں ان درختوں کے
خزاں اک نام ہے باہر کے
ظاہر میں ہویدا بے نمودی کا
وگرنہ اک بہارِ جاوداں پیہم سفر میں ہے
اشارہ گیر آنکھیں مجھ سے کہتی ہیں
نمود اک عارضی وقفہ ہے،
چشم و گوش اپنے ساتھ لاتا ہے
بقا  اندر کے رشتوں کی، کہیں
آخر نہیں اس کی
مرے اوقات کی تقویم،
خط و قوس میں بنتی ہوئی شکلیں،
بلندی اور پستی۔۔۔۔
عکسِ المحدود کے جھالے ہیں
اپنی بے کرانی میں صدا ہر دم
دما دم بولتی ہے
ہر طرف مولا ہی مولا ہے
………………….

Related posts

Leave a Comment