سید ضیاء الدین نعیم… جا و بے جا آپ کو زحمت دیا کرتا تھا میں

جا و بے جا آپ کو زحمت دیا کرتا تھا میں
یاد جب بھی جی میں آۓ ، کرلیا کرتا تھا میں

رنج پہنچانے کا باعث ہوسکیں جو آپ کو
ایسی باتوں سے بہر صورت بچا کرتا تھا میں

آپ کو بھی کس قدَر خاطر مری مطلوب تھی
آپ پر جو مان کرتا تھا ، بجا کرتا تھا میں

چشم پوشی آپ کو مرغوب ہوتی تھی بہت
در گزر سے کام کس درجہ لیا کرتا تھا میں

ناگواری بھی گوارا ہنس کے کرلیتے تھے آپ
دکھ بھی ہو تو ، مسکرا کر سہہ لیا کرتا تھا میں

تھی ا ہَم صرف ایک ہی بات آپ کے نزدیک بھی
ایک ہی جذ بے کو بس ، سب کچھ کہا کرتا تھا میں

آپ بھی ہنستے تو ہوں گے ، اپنی نادانی پہ اب
میں بھی اب یہ سوچتا ہوں ، کیا کِِیا کرتا تھا میں

Related posts

Leave a Comment