مظہر حسین سیّد ۔۔۔ تجھ کو پانے کی ٹھان لی میں نے

تجھ کو پانے کی ٹھان لی میں نے
کتنی اُونچی اُڑان لی میں نے

جینا دشوار ہو گیا تھا مرا
چند خوابوں کی جان لی میں نے

اب کوئی اور کام کرنا ہے
خاک جتنی تھی چھان لی میں نے

اک تعلق کو جیتنے کے لیے
دفعتاََ ہار مان لی میں نے

گاہکوں کی رسائی مشکل ہے
اتنی اُونچی دکان لی میں نے

ایک بستر بچھایا مٹی کا
ایک چادر بھی تان لی میں نے

تجھ کو آسانیاں تو دیں لیکن
دیکھ کتنی تھکان لی میں نے

جاں ہتھیلی پہ لے کے نکلا ہوں
کب کسی کی امان لی میں نے

شکریہ میر و غالب و مومن
جن سے اُردو زبان لی میں نے

Related posts

Leave a Comment