نعت رسولِ مقبول ﷺ … شبیر نازش

رُوح مکہ،دل مدینہ چاہیے
جینا ایسا ہو تو جینا چاہیے

آپ ﷺ تو ہر دل میں ہیں جلوہ نما
دیکھنے کو چشمِ بینا چاہیے

آپ ﷺ کے حسنِ عمل کا درس ہے
اپنی گدڑی آپ سینا چاہیے

جنت الفردوس کی تکمیل کو
جسمِ اطہر کا پسینہ چاہیے

چاہیے اُن ﷺ کی غلامی کا شرف
کب مجھے کوئی خزینہ چاہیے

نعت کہنے کو تو کہتے ہیں مگر
نعت کہنے کو قرینہ چاہیے

روضۂ اقدس پہ نازش! حاضری
دم بہ دم، زینہ بہ زینہ چاہیے

Related posts

Leave a Comment