حمد باری تعالیٰ ۔۔۔ نسیم سحر (ماہنامہ بیاض اکتوبر 2023)

جو تیرا دھیان آیا، ہاتھ باندھے
زمیں پر سَر جھُکایا، ہاتھ باندھے

جونہی تُو نے بلایا، ہاتھ باندھے
ترے در پر میں آیا ہاتھ باندھے !

مجھے محشر میں تُو رُسوا نہ کرنا
میں حاضر ہوں خدایا، ہاتھ باندھے !

مرے ہاتھوں میں تھا اِک جام، لیکن
حرم کا دھیان آیا، ہاتھ باندھے

مَیں کیسی گُمرہی میں مبتلا تھا!
جو پلٹی میری کایا، ہاتھ باندھے

ہوئی جب حاضری مکّے میں میری
تو اپنا بُت گرایا، ہاتھ باندھے

مرے آقاؐ نے جب رستہ دِکھایا
تو پھر وعدہ نبھایا، ہاتھ باندھے

مدینے سے بُلاوا جونہی آیا
کہا یہ : ’بس مَیں آیا‘ ہاتھ باندھے

جب اُس دربار میں حاضر ہوا مَیں
تو مَیں نے سر جھُکایا، ہاتھ باندھے

گیا جب بھی نبیؐ کے شہر میں مَیں
دِیا دل کا جلایا ، ہاتھ باندھے

لگا جب یہ ، دُعا مقبول ہو گی
میں دل میں مسکرایا ہاتھ باندھے

کہا صلِ علیٰ جب صدقِ دِل سے
مرا دل جگمگایا ، ہاتھ باندھے

یقیں جب ہو گیا اپنے نبیؐ پر
سرِ دربار آیا ہاتھ باندھے

Related posts

Leave a Comment