ہمایوں پرویز شاہد ۔۔۔ عکس ٹُوٹے ہوئے دکھاتے ہیں (ماہ نامہ بیاض اکتوبر ۲۰۲۳)

عکس ٹُوٹے ہوئے دکھاتے ہیں
آئنے ہم پہ ظُلم ڈھاتے ہیں

گھاس اُگتی نہیں جہاں یارو
ہم شگُوفے وہاں کھلاتے ہیں

کُھلنے لگتی ہے زندگی جن پہ
موت وادی میں لوٹ جاتے ہیں

ہر نظارہ حسین ہوتا ہے
مئے جب آنکھوں سے وہ پلاتے ہیں

وہ بدلتے ہیں وقت کا لکھا
جو دیے سے دِیا جلاتے ہیں

آشنا ہیں جو غم کی لذّت سے
کب غموں سے وہ تلملاتے ہیں

جن کو عزّت اَنا کی پیاری ہے
وہ سمندر سے پیاس لاتے ہیں

وہ حسینی ہیں باخُدا شاہد
راہِ حق میں جو سر کٹاتے ہیں

Related posts

Leave a Comment