نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سید فرخ رضا ترمذی

شہرِ پیغمبرِ خاتم کی فضا کیف میں ہے
ہوکے مس گنبدِ خضریٰ سے ہوا کیف میں ہے

عشقِ سرور مرے سینے میں، لبوں پر ہے دعا
وجد میں دل ہے مرا حرفِ دعا کیف میں ہے

آپ کے قرب میں جو جو بھی رہے ہیں آقا
ان کے کردار کی ہر ایک ادا کیف میں ہے

جو بھی مانگو گے، ملے گا سبھی اے دیوانو!!!
روزِ میلاد ہے اور دستِ عطا کیف میں ہے

جس طرف دیکھئے چھائی ہے گھٹا رحمت کی
اس لیے شہرِ مدینہ کی ہوا کیف میں ہے

جس نے جو چاہا اسے مل گیا بن مانگے یہاں
بزمِ سرکار میں ہر شاہ و گدا کیف میں ہے

نعت جب میں نے سنائی ہے مدینہ میں رضا
فرش تا عرشِ بریں ساری فضا کیف میں ہے

Related posts

Leave a Comment