نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ عقیل رحمانی

نام آقاؐ کا دُکھ مٹاتا ہے
ہر مصیبت میں کام آتا ہے

صدقِ دل سے درود جب بھی پڑھیں
دل مدینہ ہمیں دکھاتا ہے

لَو اُٹھاتی ہے سر چراغوں میں
نعت جب بھی کوئی سناتا ہے

اپنی اُمت کی مغفرت کا غم
سارے غم آپؐ کو بُھلاتا ہے

بعد اُنؐ کے نبی نہیں کوئی
صاف قرآن یہ بتاتا ہے

جب تصور میں آپؐ آتے ہیں
دلِ بے نور جگمگاتا ہے

اُنؐ کی رحمت کی بھیک ہے اتنی
کاسۂ دل چھلکتا جاتا ہے

اُس پہ جنت بھی رشک کرتی ہے
لَو مدینے سے جو لگاتا ہے

آنے والوں کی حاضری پہ عقیل
گُنبدِ سبز مسکراتا ہے

Related posts

Leave a Comment