حامد یزدانی

روشنی تیری تھی جس نے رنگ سے چھانا مجھے
ورنہ کب قوسِ قزح کے بس میں تھا پانا مجھے

میں تلاوت کر رہا ہوں رحلِ نسیاں پر تمہیں
تُم بھی تسبیحِ فراموشی پہ دہرانا مجھے

عہدِ رفتہ کے شکستہ عکس کی تکرار ہوں
تُم سمجھ بیٹھے ہو کوئی آئنہ خانہ مجھے

کھولتا ہوں شب کی جب کھڑکی تو نیلے صحن میں
چاند اک رکھا ہوا ملتا ہے ، روزانہ مجھے

تیری کڑواہٹ ہوں حامدؔ اور تِرے لہجے میں ہوں
اے مِرے شیریں سخن! تو ہی نہ پہچانا مجھے

Related posts

Leave a Comment