اعجاز روشن ۔۔۔ راستے میں چھپے ہیں کئی راستے

راستے میں چھپے ہیں کئی راستے
مذہبی راستے منطقی راستے

چاہ منزل کی کوئی رہی ہی نہیں
آگہی بن گئے ہیں یہی راستے

تیسرا تو کوئی راستہ ہی نہیں
دوستی راستے ، دشمنی راستے

ہجر میں کائناتیں بھی ٹھوکر لگیں
وصل ہو تو کریں شاعری راستے

تیری یادوں کو منزل بنا لیتے ہیں
ہم سے کرتے ہیں جب سرکشی راستے

ہم فرشتوں سے افضل تھے روشن کبھی
کھا گئے ہیں ہمیں سرسری راستے

Related posts

Leave a Comment