شہزاد نیر … آپ دل جوئی کی زحمت نہ اٹھائیں، جائیں

آپ دل جوئی کی زحمت نہ اٹھائیں، جائیں
رو کے بیٹھا ہوں نہ اب اور رُلائیں ، جائیں

مجھ سے کیا ملنا کہ میں خود سے جُدا بیٹھا ہوں
آپ آجائیں ، مجھے مجھ سے ملائیں، جائیں

حجرہ ء چشم تو اوروں کے لئے بند کیا
آپ تو مالک و مختار ہیں آئیں، جائیں

اتنا سانسوں سے خفا ہوں کہ نہیں مانوں گا
لوگ رو رو کے نہ اب مجھ کو منائیں ، جائیں

زندگی تو نے دُکاں کھول کے لکھ رکھا ہے
اپنے حصے کا کوئی رنج اٹھائیں ، جائیں

جا  بہ جا خون کے چھینٹے ہیں ہمارے گھر میں
کون سا ورد کرا ئیں کہ بلائیں ، جائیں

اور بھی آئے تھے درمان ِمحبت لے کر
آپ بھی آئیں کوئی زخم لگائیں ، جائیں

آمد و رفت کو دنیائیں پڑی ہیں نیر
دل کی بستی کو نہ بازار بنائیں ، جائیں 

Related posts

Leave a Comment