کاشف مجید ۔۔۔ نظم زندگی کو واپس لا سکتی ہے

نظم زندگی کو واپس لا سکتی ہے

ایک خواب سے
رات کا راستہ روکا جا سکتا ہے
خواب کو ممنوع قرار دینے والوں کو یہ بات کیسے سمجھائی جائے

محبت کرنے کے لئے
پیڑ جتنا دل چاہیے
مگر محبت کی اشتہاری مہم چلانے والے
کلہاڑی سے بھی چھوٹا دل رکهتے ہیں

جست زندگی کی طرف ہو یا موت کی طرف
ایک با معنی سرگرمی ہے

کیڑوں کی طرح رینگنے کی تبلیغ کرنا حماقت ہے
پرندے ہمارا دکھ بانٹ سکتے ہیں
یہ بات دکھ دینے والے جانتے ہیں
اسی لیے پرندوں کو ہمارے صحنوں میں اترنے کی اجازت نہیں

گیت گانے والوں کو دھمکیاں دینے والے
ڈکرانے والوں پر لہلوٹ کیوں ہو رہے ہیں

نہ جانے زندگی کو کہاں دھکیل دیا گیا ہے


ہمیں کچھ کرنا ہوگا

نظم زندگی کو واپس لا سکتی ہے

افضال احمد سید عذرا عبّاس اور ابرار احمد کب تک لڑتے رہیں گے

ہمیں ثروت حسین اور زی شان ساحل کو واپس لانا ہوگا

Related posts

Leave a Comment