نعت رسول مقبول صل للہ علیہ وسلم … قاضی ظفر اقبال

لولاک ہے چمن گل خوشرو حضور ہیں
ہر گل کی رگ میں صورت خوشبو حضور ہیں

ہر  ظلم کے محاذ پہ سینہ سپر ہیں آپ
ہر ناتواں کی قوت بازو حضور ہیں

رہتے ہیں ممکنات ابد تک نگاہ میں
حسن ازل کی جنبش ابرو حضور ہیں

بہر مشام روح سر دشت کائنات
عطر روان و نافہء آہو حضور ہیں

صحرا میں ہر مسافر  بیکس کے واسطے
کنج سکون و نخل لب جو حضور ہیں

گمراہیوں میں سمت نما اسم آپ کا
تشکیک میں یقیں کا ترازو حضور ہیں

تسکین قلب و جاں ہے ظفر آپ ہی کی یاد
کلفت میں انبساط کا پہلو حضور ہیں

Related posts

Leave a Comment