سلام بحضور امام عالی مقام… عون الحسن غازی

جو یاد سرورِ عالم کا نام کرتا ہوں
تو دل سے سبطِ نبی کو سلام کرتا ہوں

خیال و فکر کی دنیا حُسین سے آباد
میں کربلا میں مسلسل قیام کرتا ہوں

میں ذکر کرتا ہوں جب کربلا کے پیاسوں کا
تو یوں بھی جذبِ شہادت کو عام کرتا ہوں

سلام کرتا ہوں آلِ نبی کی حرمت کو
میں وردِ نامِ علی صبح و شام کرتا ہوں

مری نمازِ عقیدت غمِ حُسین سے ہے
غمِ زمانہ کو خود پر حرام کرتا ہوں

مرے دیار میں آتی ہے جب نجف کی ہوا
میں آنسوئوں کی زباں میں کلام کرتا ہوں

یہ دل تڑپتا ہے سجاد کی مصیبت پر
میں ذکرِ زینب عالی مقام کرتا ہوں

غمِ حُسین میں آنکھیں چھلک اُٹھیں میری
میں اشک و درد کا کب اہتمام کرتا ہوں

جہانِ کفر پریشاں ہے اس لیے غازی
کہ آلِ قدس کا میں احترام کرتا ہوں

Related posts

Leave a Comment