احمد محسود ۔۔۔ مرے پیارے خدا اتنی رعایت کر

مرے پیارے خدا اتنی رعایت کر
فقط اک شخص مانگا ہے عنایت کر

بہت اغیار کی سنتا ہے اے منصف
کبھی فریاد میری بھی سماعت کر

تو اپنے جھوٹ کو بھی معتبر کر لے
مری سچی کہانی کو حکایت کر

مرا مسلک مرا فرقہ اداسی ہے
دلِ وحشی کسی دکھ کی تلاوت کر

ترے بس میں کہاں ترکِ روایت ہے
قبیلے کے بزرگوں کی اطاعت کر

مرا حصہ ہڑپ کر وہ یہ کہتا ہے
خدا کا شکر ادا کر تو قناعت کر

مری منزل فرازِ دار ہے احمد
تجھے کس نے کہا میری حمایت کر

Related posts

Leave a Comment