استاد قمر جلالوی

ایک جا رہنا نہیں لکھا میری تقدیر میں
آج گر صحرا میں ہوں کل خانۂ زنجیر میں

اقربا نا خوش وہ بزمِ دشمنِ بے پیر میں
موت ہی لکھی ہی کیا بیمار کی تقدیر میں

بات کر میری لحد پر غیر ہی سے بات کر
یہ سنا ہے پھول جھڑتے ہیں تری تقریر میں

سیکھ اب میری نظر سے حسن کی زیبائشیں
سینکڑوں رنگینیاں بھر دیں تری تصویر میں

پاسِ آدابِ اسیری تیرے دیوانے کو ہے
ورنہ یہ زنجیر کچھ زنجیر ہے زنجیر میں

ڈھونڈتا پھرتا ہوں ان کو وہ قمر ملتے نہیں
شام کی رنگینیوں میں، صبح کی تنویر میں

۔۔۔

سوزِ غمِ فراق سے دل کو بچائے کون
ظالم تری لگائی ہوئی کو بجھائے کون

مٹی مریضِ غم کی ٹھکانے لگائے کون
دنیا تو ان کے ساتھ ہے میت اٹھائے کون

تیور چڑھا کے پوچھ رہے ہیں وہ حالِ دل
رودادِ غم تو یاد ہے لیکن سنائے کون

ہم آج کہہ رہے ہیں یہاں داستانِ قیس
کل دیکھئے ہمارا فسانہ سنائے کون

اے ناخدا، خدا پہ مجھے چھوڑ کر تو دیکھ
ساحل پہ کون جا کے لگے ڈوب جائے کون

رسوا کرے گی دیکھ کے دنیا مجھے قمر
اس چاندنی میں ان کو بلانے کو جائے کون

۔۔۔

ہے سخاوت میں مجھے اتنا ہی اندازۂ گل
بند ہوتا نہیں کھل کر کبھی دروازۂ گل

برق پر پھول ہنسے برق نشیمن پہ گری
میرے تنکوں کو بھگتنا پڑا خمیازۂ گل

خیر گلشن میں اڑا تھا مری وحشت کا مذاق
اب وہ آوازۂ بلبل ہو کہ آوازۂ گل

کوششیں کرتی ہوئی پھرتی ہے گلشن میں نسیم
جمع ہوتا نہیں بھکرا ہو شیرازۂ گل

اے صبا کس کی یہ سازش تھی کہ نکہت نکلی
تو نے کھولا تھا کہ خود کھل گیا دروازۂ گل

زینتِ گل ہے قمر ان کی صبا رفتاری
پاؤں سے گر اڑی بھی تو بنی غازۂ گل

۔۔۔

گر پڑی ہے جب سے بجلی دشتِ ایمن کے قریب
مدتیں گزریں نہیں آتے وہ چلمن کے قریب

میرا گھر جلنا لکھا تھا ورنہ تھی پھولوں پہ اوس
ہر طرف پانی ہی پانی تھا نشیمن کے قریب

وہ تو یوں کہیے سرِ محشر خیال آ ہی گیا
ہاتھ جا پہنچا تھا ورنہ ان کے دامن کے قریب

میں قفس سے چھٹ کے جب آیا تو اتنا فرق تھا
برق تھی گلشن کے اندر میں تھا گلشن کے قریب
۔۔۔
قفس میں محوِ زاری کاہے کو شام و سحر ہوتے
اسِیروں کے کسی قابل اگر صیاد پر ہوتے

مجھے صورت دکھا کر چاہے پھر دشمن کے گھر ہوتے
دم آنکھو میں نہ رک جاتا اگر پیشِ نظر ہوتے

علاجِ دردِ شامِ غم مسیحا ہو چکا جاؤ
مریضِ ہجر کی میت اٹھا دینا سحر ہوتے

مداوا جب دلِ صد چاک کا ہوتا شبِ فرقت
رفو کے واسطے تارے گریبانِ سحر ہوتے

قمر اللہ جانے کون تھا کیا تھا شبِ وعدہ
مثالِ درد جو پہلو سے اٹھا تھا سحر ہوتے
۔۔۔
ارماں ہو مجھے نزع میں کیا چارہ گری کا
گل کون تراشے ہے چراغِ سحری کا

اِک وہ بھی ہے بیمار تری کم نظری کا
مر جائے مگر نام نہ لے چارہ گری کا

برہم ہوئے کیوں سن کے مرا حالِ محبت
شِکوہ نہ تھا آپ کی بیداد گری کا

بیگانۂ احساس یہاں تک ہوں جنوں میں
اب گھر کی خبر ہے نہ پتہ دربدری کا

اور اس کے سوا پھول کی تعریف ہی کیا ہے
احسان فراموش نسیمِ سحری کا

دنیا پہ قمر داغِ جگر ہے مرا روشن
لیکن نہ لیا نام کبھی چارہ گری کا
۔۔۔
خدا معلوم کیا سے کیا کیا ہو گا بیاں تو نے
لفافے میں نہ رکھ لی نامہ بر میری زباں تو نے

مٹا کر رکھ دیے ہیں یوں ہزاروں بے زباں تو نے
نہ رکھا اپنے عہدِ ظلم کا کوئی نشاں تو نے

ہرے پھر کر دیے زخمِ جگر صیاد بلبل کے
قفس کے سامنے کہہ کر گلوں کی داستاں تو نے

اسی وعدے پہ کھائی تھی قسم روئے کتابی کی
اسی صورت میں قرآں کو رکھا تھا درمیاں تو نے
عدو کہتے ہیں اب سہرا فصاحت کا ترے سر ہے
قمر بالکل بنا دی ہے  دلھن اردو زباں تو نے

Related posts

Leave a Comment