صغیر احمد صغیر ۔۔۔ ہر ایک شخص کو میرا ہنر دکھائی دیا

ہر ایک شخص کو میرا ہنر دکھائی دیا
تو میرے ساتھ نہیں تھا مگر دکھائی دیا

تب اپنے آپ سے اتنا میں شرمسار ہوا
جب اک بشر کے علاوہ بشر دکھائی دیا

خدا کو ماں ہی سمجھ کے جب اس سے لڑ پڑا میں
خدا کا تب جو مجھے درگزر دکھائی دیا

میں شہر والوں کی بینائی کیا کہوں کہ انھیں
جو میرا خیر کا پہلو تھا شَر دکھائی دیا

عجب سفر ہے کہ اب ختم ہی نہیں ہوتا
جو ابتدا میں بہت مختصر دکھائی دیا

اسے بھلانے کی کوشش بری نہیں، لیکن
صغیر پھر بھی وہ دل میں اگر دکھائی دیا؟

Related posts

Leave a Comment