محسن اسرار ۔۔۔ دنیا کا محاصرہ کیا ہے

دنیا کا محاصرہ کیا ہے
تب اپنا محاسبہ کیا ہے

افسوس یہ ہے کہ اس نے میرا
دنیا سے موازنہ کیا ہے

رد کی ہے کہاں دلیل اس کی
بس دور مغالطہ کیا ہے

خود ہار گیا ہے وقت ہم سے
کب ہم نے مقابلہ کیا ہے

معلوم نہیں ہمیں کہ اس نے
کیا ہم سے معاملہ کیا ہے

کب عشق کیا ہے اس نے مجھ سے
جلدی میں معاہدہ کیا ہے

بے کار الجھ رہی ہو مجھ سے
میں نے کوئی تبصرہ کیا ہے

پائیں گے تجھے نہ کھونے دیں گے
اب ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے

اَن بَن کے سوا بھی اس نے مجھ سے
چپ چاپ مباحثہ کیا ہے

میں اہل نہیں ہوں اس کا محسن
جو اس نے مطالبہ کیا ہے

Related posts

Leave a Comment