حمیرا راحت ۔۔۔ واٹس ایپ

یہ ہیلو ہائے کی دنیا۔۔۔
یہاں پر ہرنئے پل اِک شناسائی
ہمارا ہاتھ تھامے ربط کو مضبوط کرتی ہے
یہاں پر جھوٹ چھُپ جاتا ہے اکثر
سچ کے چہرے میں
ایموجیز اور جی آئی ایف کی دنیاؤں میں
ہم تم سانس لیتے ہیں
ہمارے دل میں بہتے درد کو
یا پھر ہمکتی اِک خوشی ، بے چارگی
اور بے بسی کو
اب انھی بے جان اشیا کی ضرورت ہے
یہ کچھ رنگین اسٹیکر
تاثر ، لفظ ، جذبے
اور لہجے کے امیں ٹھہرے
مقید ہو چکے ہیں ہم
انھی مصنوعی چہروں میں
کہیں غصہ کہیں شوخی
کہیں پر بے بسی ، بے چارگی ، شرمندگی
کو پیش کرتے ہیں
کوئی رو کر دکھاتا ہے
کوئی اِک مسکراہٹ کو جگاتا ہے
جو یہ اعلان کرتی ہے کہ جیون میں
بہت رنگین سبز اور کاسنی سے پھول کھلتے ہیں

مگر خوشبو سے عاری ہیں
تعلق اور رشتوں کی ہر اک ڈوری
بندھی ہے ایک میسج سے
کہ جب اِن باکس میں
میسج سبھی ڈیلیٹ ہوتے ہیں
تو رشتے ٹوٹ جاتے ہیں
مگر پھر اِک نیا نمبر
مگر پھر اِک نیا رشتہ
اور اُس کے بعد۔۔۔۔

Related posts

Leave a Comment