مظہر حسین مظہر ۔۔۔ عقیدت (محسنِ اُردو ادب، عظیم محقق، عالی مرتبت استاذ اور نامور نقاد سید عبداللہ کی برسی پر)

عقیدت 
(محسنِ اُردو ادب، عظیم محقق، عالی مرتبت استاذ اور نامور نقاد سید عبداللہ کی برسی پر)

آسمانِ ملکِ اردو کے درخشاں آفتاب
سید عبداللہ تیری ذات ہے عالی صفات

خار زارِ نقد کو تو نے بنایا گل ستاں
کردیا تنقید کو تخلیق کا یوں ہم زباں
فارسی کے پاسباں،اردو ادب کے نغمہ خواں
ہر محقق ہے تمہارے وصف میں رطب اللساں
سید عبد اللہ تیری ذات ہے عالی صفات

تو نے اردو کے چمن میں جو اگائے ہیں گلاب
ختم ہونے کی نہیں ان کی مہک ان کا شباب
تیرے لفظوں کی رہے گی تا قیامت آب و تاب
تیرے خطبے اور کتابیں بے مثال و لاجواب
سید عبد اللہ تیری ذات ہے عالی صفات
میر کے غم کی سنائی ہم کو تو نے داستاں
اور سمجھایا ہمیں غالب کا اندازِ بیاں
ہم پہ کیں اقبالؒ کے افکار کی پرتیں عیاں
ہیں بہت ممنون تیرے لفظ و معنی کے جہاں
سید عبد اللہ تیری ذات ہے عالی صفات

تونے اردو کو دیے بے مثل علمی ارمغاں
تیرے فکر و آگہی کے نقش ہیں یہ جادواں
مٹ نہیں سکتے مٹائے تیرے قدموں کے نشاں
تو نے لیلائے سخن کو کردیا پھر سے جواں
سید عبد اللہ تیری ذات ہے عالی صفات
آسمانِ ملکِ اردو کے درخشاں آفتاب

Related posts

Leave a Comment