یہاں بیٹھیں،رُکیں دم بھر … ستیہ پال آنند

یہاں بیٹھیں
رُکیں دم بھر،
  ٹھہر کر سانس لیں
سستائیں دو گھڑیاں
کہ یہ لمحہ ، ہمارے ماضی  ؑ مطلق سے حال ِ پا گریزاں تک
دبے پائوں چلا آیا ہے اپنے ساتھ چپکے سے
یہاں بیٹھیں، ٹھہر کر سانس لیں،سستائیں دو گھڑیاں
کہ اس سے پیشتر یہ لمحہ ؑ موجود
مستقبل کی جانب اک قدم آگے بڑھے، تحلیل ہو جائے
کہیں لا وقت کے ازلی تواتر میں
یہاں بیٹھیں، رُکیں دم بھر۔ٹھہر کر سانس لیں،  سستائیں دو گھڑیاں
بہت پہلے ہتھیلی پر لیے اُجلی لکیریں ہم چلے تھے
زائچوں کے راہ  ِ صد سُو پر
مقدّر کی تلاش و جستجو کیسا ہیولےٰ تھی
کہ جس میں ہم نے پائی تھی ہزیمت، پا شکستہ نا رسائی ہی
سُنی تھیں، ہجرتوں کے اُڑتے تنکوں سی بکھرتی
لمحہ لمحہ دور ہوتی۔۔۔چاہنے والوں کی آوزیں
ٹھہرنا رات بھر کا، صبحدم پھر کوچ کر جانا
لبوں پر خشک پپڑی کی تہیں، پیشانیوں پر دھول قدموں کی
پگھلتی بےحسی۔۔۔سیّال لوہے سی ٹپکتی، دکھ بھری آواز کانوں میں
رگ و پے میں لہو کے دوڑنے کی دھونکنی
فولاد سی وزنی تکانیں، پائوں من من کے
مگر لحظہ بہ لحظہ
اک قدم کے بعد پھر اک اور
پھر اک اور   ۔۔ چلنا عمر کی بھاری صلیبیوں کو اٹھائے
اپنی جیتی جاگتی قبروں کی سرحد تک
ہماری عمر، جو ہم سب
تصرف میں گنوا کر
اس جگہ پہنچے ہیں حال ِ پا گریزاں تک
بہت کم رہ گئی ہے۔۔۔اس لیے، یارو
ہمارے ساتھ چلتا آ رہا  یہ لمحہ ٗ موجود کافی ہے، غنیمت ہے
یہاں بیٹھیں، رکیں دم بھر
ٹھہر کر سانس لیں
سستائیں دو گھڑیاں

Related posts

Leave a Comment