نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ و بارک وسلم … شہزاد نیر

جب ظلم سے زمین کو کالا کیا گیا
فاراں کی چوٹیوں سے اجالا کیا گیا

اس خاک نیک بخت نے نعلین کیا چھوئے
یثرب کو دو جہان سے اعلیٰ کیا گیا

بھیجا گیا وہ رشکِ قمر یوں زمین پر
تاروں کو اس کے نور کا ہالہ کیا گیا

لاوقت میں فضیلتِ معراج بخش کر
ان کو مرے شعور سے بالا کیا گیا

عقلِ بشر میں خوئے گدائی کو دیکھ کر
دستِ نبی کو بانٹنے والا کیا گیا

صد شکر اہتمامِ عروجِ نظر ہوا
صد شکر ذکر ِاحمدِ والا کیا گیا

Related posts

Leave a Comment