نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔۔ سید ریاض حسین زیدی

جائیں جنت کو سب قرینے سے
راستہ مل گیا مدینے سے

رازِ ہستی ہے منکشف اس پر
کھوجتا ہے جو اس دفینے سے

جو بھی آئے،وہ جھولیاں بھر لے
سب کو ملتا ہے اس خزینے سے

ماہِ میلاد کر گیا فرخ
سب مہینے ہیں اس مہینے سے

آپ کو بھول کر رہیں زندہ
موت آ جائے ایسے جینے سے

لاکھ طوفاں ہوں درپئے آزار
پار اتریں گے اس سفینے سے

جو ہے خوشبو ریاض کلیوں میں
ہے وہ سب آپؐ کے پسینے سے

Related posts

Leave a Comment