نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ۔۔۔ حماد نیازی

اے !زہے قسمت اجازت ہو اگر تو جائیں ہم
اس گلی کی گرد لے کر داغ سب دھو جائیں ہم

اے! زہے قسمت یہ خستہ تن اٹھا کر  دشت میں
ان کے نقش پا کی خاطر  در بدر ہو جائیں ہم

اے! زہے قسمت نین میں جی اٹھے اشکوں کی لو
شوق نظارہ  میں جتنا رو سکیں رو جائیں ہم

اے !زہے قسمت وہ دیکھیں مسکرا کے  اس طرف
اور اس حیرت میں خود کو خاک میں بو جائیں ہم

اے! زہے قسمت  بدن سے روح کی ہجرت سمے
وہ دکھائی دیں ہمیں اور  چین سے سو جائیں ہم

اے !زہے قسمت  پکارا جاۓ ہم کو خواب میں
اور پھر اس خواب کے اندر کہیں کھو جائیں  ہم

Related posts

Leave a Comment