امیر مینائی ۔۔۔ سرکتی جائے ہے رخ سے نقاب آہستہ آہستہ

سرکتی جائے ہے رخ سے نقاب آہستہ آہستہ
نکلتا آ رہا ہے آفتاب آہستہ آہستہ

جواں ہونے لگے جب وہ تو ہم سے کر لیا پردہ
حیا یک لخت آئی اور شباب آہستہ آہستہ

شبِ فرقت کا جاگا ہوں، فرشتو! اب تو سونے دو
کبھی فرصت میں کر لینا حساب، آہستہ آہستہ

سوالِ وصل پر ان کو عدو کا خوف ہے اتنا
دبے ہونٹوں سے دیتے ہیں جواب آہستہ آہستہ

وہ بے دردی سے سر کاٹیں امیر اور میں کہوں اُن سے
حضور آہستہ آہستہ، جناب آہستہ آہستہ

Related posts

Leave a Comment