کامران ناشط … سرشاریاں بھی کھو گئیں اور بے خودی چلی گئی

سرشاریاں بھی کھو گئیں اور بے خودی چلی گئی
اس زندگی کا کیا کریں، زندہ دلی چلی گئی

تہذیبِ وقت نے مجھے یوں تو فعال کر دیا
لیکن میں کیا کروں، مری آوارگی چلی گئی

خلق ِ خدا میں بانٹنے سے بندشیں بھی کھل گئیں
دریا دلی عطا ہوئی تو مفلسی چلی گئی

جتنی تھیں خوش مزاجیاں ، صدقہ تھیں اک ملال کا
اب کس طرح ہنسوں کہ وہ غم کی گھڑی چلی گئی

یوں خود کو ہار ہار کے کیا جیتنے چلا تھا میں
میں دشمنوں کا ہو گیا تو دوستی چلی گئی

مصرعے کی خوبصورتی ناشط خدا کی دین ہے
زعمِ سخن جو ہو گیا تو شاعری چلی گئ

Related posts

Leave a Comment