توقیر عباس ۔۔۔ کوئی ہے ……!!

کوئی ہے ۔۔۔۔ !!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوئی ہے! کوئی ہے! کی صدائیں،
لگاتے ہوئے،
میں سراپا صدا بن گیا،
لوگ آنکھوں کے گہرے گڑھوں سے
مجھے گھورتے،
ایک کیچڑ بھری لہر اُٹھتی شناسائی کی،
میری جانب لپکتی،
مگر ایک جھپکی میں معدوم پڑتی
وہ پھر اپنی گدلی خموشی سمیٹے،
کہاں، کس طرف آتے جاتے،
خبر کچھ نہیں تھی،

برسوں پہلے اسی شہر میں،
بوڑھے پیڑوں تلے آگ روشن تھی اور،
ایک خوشبو گواہی میں موجود تھی،
وہ کہ عہدِ مقدس کی تقریب تھی،
ساتھ دینے کا اک عہد تھا،

اپنی چاہت کے اقرار میں،
کہہ کے لبیک
آواز سے دستخط کر دیے
اور پھر ایک دن
اپنے اقرار کو بھول کر
میں اسے بھول کر،
اُن دیاروں کی جانب چلا،
جن کو دینار و درہم کی خوشبو نے جکڑا ہوا تھا،

جب میں لوٹا
کھنکتی مہک کی کئی گٹھڑیاں باندھ کر،
کوئی رستہ نہ صورت شناسا ملی،
وہ شجر بھی کہاں تھے
لکیروں سے تشکیل پاتی ہوئی،
ایک بے چہرگی تھی۔۔۔
جہاں عقل و دانش کی باتیں فقط شور تھیں
رنگوں اور خوشبوؤں کی جگہ
ایک صحرااُبھرتا نظر آ رہا تھا

اُسے ڈھونڈتے ڈھونڈتے
بے خدوخال چہرہ ہوا
میری آنکھیں کہیں بہہ گئیں
اور میں
بے صدائی کی تاریک کھائی میں گرتا گیا
اور گرتا چلا جا رہا ہوں

Related posts

Leave a Comment