ظہور چوہان ۔۔۔ بولتی تصویریں

بولتی تصویریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جذبہ و احساس سے خالی
اِن میں محبت نام کی کوئی چیز نہیں ہے
چلتی پھرتی، جیتی جاگتی، بولتی ہیں تصویریں
انسانوں کے روپ میں ہیں
اور سینوں میں ہیں پتھر
دل کا کام دھڑکنا جبکہ پتھر ہے اک بوجھ
جسے اُٹھا کر پھرتے رہنا
سَر ٹکراتے رہنا

لیکن میرے کمرے میں ہیں کچھ ایسی تصویریں
گھر میں رہنے والے جب سَو جاتے ہیں
اُن کے رات کو نقش نمایاں ہو جاتے ہیں
پھر وہ کاغذ کی تصویریں بولنے لگتی ہیں
اور مرے دکھ درد ٹٹولنے لگتی ہیں

انسانوں سے بہتر ہیں وہ تصویریں
تنہائی میں جب گھبرانے لگتا ہوں
اپنے آپ سے مَیں اُکتانے لگتا ہوں
تو ایسے میں باتیں کرنے لگتی ہیں
مرے پُرانے زخم وہ بھرنے لگتی ہیں

Related posts

Leave a Comment