خالد احمد ۔۔۔ خواب میں خواب کی تعبیر بتا دے مجھ کو

خواب میں خواب کی تعبیر بتا دے مجھ کو
اے مرے آج ! مرے کل کا پتا دے مجھ کو

اس طرح بانٹ کہ سمجھے نہ کوئی لوٹ کا مال
وار کر سہرے پہ بچّوں میں لٹا دے مجھ کو

خوف کیا کیا مری نس نس میں دھنسے جاتے ہیں
چاہتا ہوں کوئی پتھر کا بنا دے مجھ کو

میرے ناقد! میں کوئی موم کا پتلا تو نہیں
کوئی کس طور مرے قد سے گھٹا دے مجھ کو

تیری آنکھیں ہیں کہ ٹھہرے ہوئے پل اے خالد!
وقت کیونکر ترے پہلو سے اُٹھا دے مجھ کو

Related posts

Leave a Comment