رومانہ رومی ۔۔۔ کبھی خود پر بھی فاش کر مجھ کو

کبھی خود پر بھی فاش کر مجھ کو
اس طرح بھی تلاش کر مجھ کو

عزم و ہمت کی اک چٹان ہوں میں
پیار سے پاش پاش کر مجھ کو

دل کے مندر میں پوجنا مجھ کو
بُت بناؤ تراش کر مجھ کو

میں تو اک گم شدہ خزانہ ہوں
زندگی میں تلاش کر مجھ کو

کوئی تصویر بن ہی جائے گی
دیکھنا تم تراش کر مجھ کو

کہہ رہی ہے ہر ایک شے مجھ سے
خود میں بھی تو تلاش کر مجھ کو

آؤ ! جینے کا تم ہُنر بخشو
اپنے ڈھب سے تراش کر مجھ کو

پیار ہی تو معاش ہے میری
یوں نہ تو بے معاش کر مجھ کو

کیوں یہ کہتا ہے آئنہ مجھ سے
رومی! تو پاش پاش کر مجھ کو

Related posts

Leave a Comment