محمد نوید مرزا ۔۔۔ جس کو احمد فراز کہتے ہیں (احمد فراز کے لیے نظم)

جس کے شعروں میں دل دھڑکتا تھا
جس کی باتوں میں رنگ ہوتے تھے
اُس کے لفظوں کے دائرے اندر
ان گنت تتلیاں بھی ہوتی تھیں
پھول ، خوشبو ، ہوا ، سبھی موسم
دسترس میں وہ اپنی رکھتا تھا
حرف اُس کے غلام تھے سارے
وہ اُنھیں دم بدم پرکھتا تھا
ظلمتوں کے خلاف بھی اُس نے
روشنی کے پیام لکھے تھے
جو صفِ دشمناں میں رہتے ہیں
ایسے لوگوں کے نام لکھے تھے
عام لوگوں میں خاص تھا کوئی
زندگی کی اساس تھا کوئی
اُس کی یادوں میں ہم بھی رہتے ہیں
جس کو احمد فراز کہتے ہیں

Related posts

Leave a Comment