عقیدت ۔۔۔ فرحت عباس

توفیق ایسی بخش مکرّر ، مرے خدا
ہو مدحتِ حضورؐ زباں پر ، مرے خدا

ایسا مجھے بنا دے سخن ور، مرے خدا
حدِ ادب سے جاؤں نہ باہر ،مرے خدا

تخلیق ِ دو جہاں کا سبب جن کی ذات ِ پاکؐ
ان کے لیے درودِ معطر، مرے خدا

سردارِ کائناتؐ ہیں میرے حضور ِ پاکؐ
تجھ سے ہی اُنؐ کا نور منوّر، مرے خدا

حق کی حدیث، صاحب قرآں کے واسطے
میری زباں میں اور اثر کر، مرے خدا

توصیفِ مصطفٰےؐ کا جو منصب مجھے ملا
کیسا دیا مقامِ معطر، مرے خدا

فرحتؔ ہو ذکرِ سیدِ والا ہزار بار
دونوں جہاں میں دھوم ہو بڑھ کر ،مرے خدا

Related posts

Leave a Comment