نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ تنویر پھول

جو عالموں کا رب ہے ، یہ اس کا پیام ہے
لازم مرے نبی پہ درود و سلام ہے

رحمت ہے عالمین پہ سرکار کا وجود
جن و بشر ، وحوش پہ بھی لطف عام ہے

دل نے کہا ، ہے راز الف لام میم میں
اللہ کا کلام محمد کے نام ہے

انعام رب ہے بے گماں ، ہے اس کا ہی کرم
لب پر جو میرے مدحت خیرالانام ہے

عشق نبی کےسوز میں جلتا رہا جو دل
سن لو کہ اس پہ آتش دوزخ حرام ہے

آئی صدا یہ روضے پہ ، دل نے مرے سنی
ان پر فدا جو ہوگیا ، اس کو دوام ہے

اللہ ! آرزو ہے کہ میدان حشر میں
کہہ دیں وہ کاش ! پھول ہمارا غلام ہے

Related posts

Leave a Comment