نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔۔ غلام حسین ساجد

نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم

سیّد الانبیاء آپ خیرالورا، اے رسولِ خدا، اے حبیبِ خدا
آپ کی روشنی سے مُنّور ہُوا، میرے دل کا دِیا، اے حبیبِ خدا

سبز گنبد کے سائے میں آتے ہوئے کچھ چراغوں کی سوغات پاتے ہوئے
میرے لب پر فقط آپ کا نام تھا، بَر بنائے شفا، اے حبیبِ خدا

ظلمتِ دہر کو چاک کرتے ہوئے، کعبۃُ اللہ کو پاک کرتے ہوئے
آپ کے خلق سے آئنہ بن گیا، قلب ہر شخص کا، اے حبیبِ خدا

آپ کے واسطے یہ زمانے بَنے، کہکشائیں بَنیں، کارخانے بَنے
جن کے ہونے سے خالق نے قائم کِیا، عشق کا سلسلہ، اے حبیبِ خدا

میرے ہونے سے کچھ فرق پڑتا نہیں، بارِ غم میرے رونے سے جھڑتا نہیں
ایسی غربت میں ہے بس مجھے آسرا، آپ کی ذات کا، اے حبیبِ خدا

عالمِ ہست سے لاتعلّق ہُوا، ماورائے حقیقت معلّق ہُوا
وِرد کَرتے ہوئے آپ کے نام کا، قلبِ مضطر مِرا، اے حبیبِ خدا

مَیں خطا کار ہوں، مَیں گُنہ گار ہوں، مَیں سزا وار تھا، مَیں سزا وار ہوں
آپ کے ہاتھ میں ہے مِرا فیصلہ، شافعِ دو سَرا، اے حبیبِ خدا

Related posts

Leave a Comment