نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔۔ نسیمِ سحر

رحم ہم پر ہو اب اَے شہِ دَوسراؐ
ساری دُنیا ہے درپَے شہِ دَوسراؐ

ہو مجھے بھی عطا ، اَے شہِ دَوسراؐ
نعت کا لحن اور لَے، شہِ دَوسراؐ

صرف دو لفظ اس استغاثے کے ہیں
طرزِ غالبؔ میں ’ہَے ہَے‘، شہِ دَوسراؐ

بس اُسی راستے پر رہوں گامزن
جو ہے میرے لیے طَے، شہِ دَوسراؐ

آپ کی اک نگاہ ِکرم کے عوض
لوں نہ ہر گز کوئی شے ، شہِ دوسراؐ

اس خماری میں بھی ہوشمندی رہے
معرفت کی مِلے مَے، شہِ دوسراؐ

آپؐ کے در پہ آؤں گا کس منہ سے مَیں؟
میری اوقات کیا ہے، شہِ دوسراؐ؟

عرش تک بھی سُنے جائیں نالے مِرے
ایسی نالوں میں ہو نَے، شہِ دوسراؐ

Related posts

Leave a Comment